تحقیق (مؤنث، واحد) عربی زبان سے مشتق اسم ہے۔ ثلاثی مزیدفیہ کے باب تفعیل سے مصدر اور اُردو میں بطورِ حاصل مصدر مستعمل ہے۔
لفظ تحقیق انگریزی لفظ "ریسرچ” کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ جس کا لغوی معنی چھان بین کے بعد کسی بات کے بارے میں یقین حاصل کرنا ہے۔ چھان بین سے مراد حقائق، واقعات، اجزا اور کوائف کی وہ چھان پھٹک ہے، جو علم یا معلومات کی صحت کے بارے میں یقین حاصل کرنے کےلیے کی جاتی ہے۔ جس کا مقصد علم یا معلومات میں سے غلطی کو دور کرنا، صحیح بات دریافت کرنا اور عمومی معیار قائم کرنا ہوتا ہے۔ یعنی ایک محقق ماضی کے بارے میں تحقیق کرکے ہی ایک عہد یا شخصیت سے متعلق حقائق منظرِعام پر لاتا ہے۔
تحقیق ایک ایسی اصطلاح ہے جو اپنے اندر بڑی وسعت، گہرائی اور گیرائی رکھتی ہے۔ اس لیے اس کی تعریف چند سطور میں بیان کرنا مشکل ہے۔ لیکن پھر بھی ایک مختصر سی تعریف ذیل میں دی جاتی ہے۔
"علم کی صحت کی تصدیق، اس کو وسعت اور ترقی دینے کےلیے تصورات، نظریات اور اشیاء کی چانچ پرکھ کرکے نتائج اخذ کرنا تحقیق کہلاتا ہے۔”
شیئرکریں: