“مفکورہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر” اور خیبر پختون خوا میں بولی جانے والوں گیارہ زبانوں کے ایکٹیوسٹس کے شروع کردہ “مادری زبانوں کی تحریک” کا اجلاس آج یعنی 27 جون 2024ء بہ روزِ جمعرات دو بجے پجگی روڈ پر واقع مفکورہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر میں ہوگا۔
اس تحریک سے وابستہ خیبر پختون خوا کے مختلف قومی زبانوں سے وابستہ شعراء، ادباء اور کالج و یونی ورسٹی کے طلباء ایک مدت سے سوال اُٹھا رہے تھے کہ جب ملک کا آئین مادری زبانوں کے تحفظ دے رہا ہے، تو مادری زبانوں کو لازمی مضمون کے طور پر نصاب میں کیوں شامل نہیں کیا گیا…؟ حالاں کہ اس سے متعلق عدالتی فیصلے بھی موجود ہیں اور متعلقہ اداروں کے طرف سے نوٹی فی کیشنز بھی جاری ہوئے ہیں، تو پھر آخر ایسی کون سی قوت ہے جو مادری زبانوں کے استاد اور کتاب کا راستہ روکے ہوئے ہیں…؟ اس حوالے سے چار مطالبات کو سامنے لایا گیا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشاورت طریقۂ کار اور احتجاجی لائحۂ عمل پر غور کیا جائے گا۔