سوات کے تحصیلِ مٹہ میں سویڈن اور چارسدہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف عالمی مجلسِ تحفظ ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم (تحصیلِ مٹہ) اور جمعیت علمائے اسلام کے زیرِ اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
مظاہرے میں علمائے کرام، وکلا برادری، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، صحافی برادری، پولیس اور عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے کو سرِعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
عالمی مجلسِ تحفظِ ختمِ نبوت تحصیلِ مٹہ کے امیر مولانا محمد حسن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں توہینِ قرآن کا یہ پہلا واقعہ نہیں، حکومتِ پاکستان سویڈن کے سفیر کو فوری طور پر ملک سے نکالے، جب کہ تمام عالمِ اسلام سویڈن حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کرے۔
خورشید احمد ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ سویڈن حکومت نے فریڈم آف ایکسپریشن کے کالے قانون کو لاگو کیا، عالمی استعمار امریکا و اسرائیل ایسے تمام کالے قوانین اور بے حرمتیوں کے پیچھے ہیں، سویڈن کے سفیر کو ملک سے بے دخل اور حکومتی سطح پر احتجاج کیا جائے۔
مظاہرے سے اتفاقِ ایسوسی ایشن مٹہ بازار کے صدر محمد زبیر، مولانا حیات اللہ، مولانا عبید اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

شیئرکریں: