لفظ سیکولر ازم (Secularism) تو آپ سب نے سنا ہوگا، لیکن آئیے اس کی مختصر سی وضاحت کرتے ہیں کہ اس سے کیا مراد ہے…؟
قارئین، سیکولر ازم کی بنیاد یہ ہے کہ تمام تر انسانی معاملات کو بالعموم اور سیاست کو بالخصوص غیر جانب دار نظر سے دیکھا جائے۔ یعنی کسی بھی امر سے متعلق فیصلہ کسی بھی مذہبی تناظر میں نہ ہو۔ کیوں کہ سیکولر ازم کی عمومی تعریف یہی ہے کہ مذہب اور ریاست کے شہری امور ہر لحاظ سے علاحدہ رہیں اور ریاست کے فیصلے کی بنیاد کسی مذہب کی بنیاد پر نہ ہو۔ اسی اعتبار سے سیکولر معاشرے میں کسی بھی سرکاری یا عوامی مقام پر کوئی ایسا نشان نہیں رکھا جاتا، جو کسی مذہب کی نشان دہی کرے۔
جب کہ سیکولر ازم کا فلسفہ یہ ہے کہ اخلاقیات کے لیے اصول مذہب اور مذہبی تصورات کی بجائے تجربات، مشاہدات اور موجود چیزوں کے اعتبار سے قائم کیے جائیں۔ یعنی مذہب کسی فرد کا ذاتی معاملہ ہو اور معاشرے کا فرد کے اس ذاتی معاملے سے لینا دینا نہ ہو جب کہ فرد اور معاشرے کے درمیان تعلق کی بنیاد کوئی عمرانی معاہدہ (Social contract) ہو، جو مذہب کی بجائے دنیا سے ماخوذ ہو۔
قارئین، اس تمام تر تحریر کا مختصر خلاصہ دنیاوی امور سے مذہب اور مذہبی تصورات کا اخراج یا بے دخلی ہے۔ یعنی مذہب اور مذہبی خیالات و تصورات کو ارادتاً دنیاوی امور سے علاحدہ کر دیا جائے، سیکولر ازم کہلاتا ہے۔
شیئرکریں: