آئینِ پاکستان کا آرٹیکل چھ (06) سنگین غداری (High Treason) کے بارے میں ہے۔ جس کو ذیل میں بیان کیا گیا ہے۔
آرٹیکل 06 کی شق 01 میں لکھا گیا ہے کہ “کوئی بھی شخص جو طاقت کے استعمال یا طاقت سے یا دیگر غیر آئینی ذریعے سے دستورِ پاکستان کی تنسیخ کرے، تخریب کرے یا معطل کرے یا التواء میں رکھے یا اقدام کرے یا تنسیخ کرنے کی سازش کرے، سنگین غداری کا مجرم ہوگا۔”
جب کہ مذکورہ آرٹیکل کی شق 02 میں کہا گیا ہے کہ کوئی شخص جو شق 01 میں مذکورہ افعال میں مدد دے گا یا معاونت کرے گا، یا شریک ہوگا اسی طرح سنگین غداری کا مجرم ہوگا۔
شق 02 الف میں کہا گیا ہے کہ شق 01 یا شق 02 میں درج شدہ سنگین غداری کا عمل کسی بھی عدالت کے ذریعے بشمول عدالتِ عظمیٰ اور عدالتِ عالیہ جایز قرار نہیں دیا جائے گا۔
شق 03 میں کہا گیا ہے کہ مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) بذریعہ قانون ایسے اشخاص کےلیے سزا مقرر کرے گی جنہیں سنگین غداری کا مجرم قرار دیا گیا ہو۔
شیئرکریں: