خیبر پختون خوا کی اسمبلی نے صوبے میں جانوروں کے تحفظ کے لیے بل منظور کرلیا جس کے تحت جانوروں پر تشدد کرنے یا ان پر زیادہ بوجھ ڈالنے پر 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
بل کے تحت جانوروں کو تفریح کے لیے لڑانے پر 3 ماہ قید ہوگی، بل میں جانوروں کی نقل و حرکت کے دوران ان کے لیے آرام دہ سواری اور محفوظ سفر کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی اسمبلی کی طرف سے منظور کردہ بل کے تحت جانوروں کے لائسنس یافتہ معالج کے علاوہ کسی شخص کو جانوروں کی سرجری کی اجازت نہیں ہوگی۔
بل کے تحت جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق بات چھپانے پر اس کے مالک پر 10 ہزار جرمانہ یا تین ماہ قید ہوگی۔
اس کے علاوہ جانوروں کے تحفظ کے بل کے مطابق جانوروں کو تشدد کا نشانہ بنانے یا مال بردار جانوروں پر زیادہ بوجھ ڈالنے پر 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔