اے ایل کروبر (AL Kroeber) کے مطابق کلچر وہ سرگرمی ہے جو صرف انسان کے پاس موجود ہے اور دیگر انواع میں نہیں پائی جاتی۔ اس میں زبان، علم، عقائد، رواج، فنون، تکنیک، اصول اور اقدار شامل ہیں، جنہیں ہم اپنے بڑوں، اپنے ماضی یا سماج کے دیگر عناصر سے سیکھتے ہیں اور ان میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔
کروبر کے نزدیک کلچر تمام غیرطبعی سرگرمیوں پر محیط ہوتا ہے جو انسانی شخصیت تخلیق کرتی ہے اور جو جبلّتی نہیں ہوتیں۔ حیاتیاتی اور نفسیاتی نقطہ نظر سے اس کا مطلب یہ ہے کہ کلچر وہ سماجی طور پر سیکھی اور منتقل کی گئی سرگرمیاں ہیں۔ دوسرے الفاظ میں، کلچر وہ عمل ہے جو انسان کسی سماج کا حصہ بن کر سیکھتا ہے۔ یہاں اہم نکتہ یہ ہے کہ سماج کے بغیر کلچر کا تصور ادھورا ہے اور ساتھ ہی یہ کہ کلچر ایک متحرک سرگرمی یا عمل ہے، نہ کہ کوئی جامد شے۔
کروبر کلچر کے دو بنیادی پہلو بیان کرتے ہیں:
صورت (Form): کلچر کی وہ مادی اور غیر مادی ساخت یا سانچہ جو اس کے مشمولات کو تھامے ہوئے ہے۔
مضمون یا مشمولات (Content): کلچر میں شامل تمام عناصر اور سرگرمیوں کا مجموعہ۔
اسی طرح کلچر کی ذہنی، فکری اور علمی خاصیتیں (Eidos) اور اقدار (Ethos) بھی اس کا حصہ ہیں۔
کروبر کے مطابق کلچر مادی اور غیر مادی دونوں ہو سکتا ہے۔ مادی پہلو وہ اشیاء ہیں جو کلچر کے نفس مضمون سے باہر موجود ہوتی ہیں، جبکہ مضمون (Content) وہ تمام سرگرمیاں اور عناصر ہیں جو کسی کلچر میں شامل ہیں۔ دوسرے الفاظ میں، صورت کلچر کے اندر سرگرمیوں کو ترتیب دینے والا سانچہ ہے، جو مختلف کلچرز میں مختلف ہو سکتا ہے۔ مثلاً، ایک جیسے دو کلچرز میں بنیادی سرگرمیاں ایک جیسی ہو سکتی ہیں، مگر انہیں انجام دینے کا وقت، طریقہ یا انداز مختلف ہوتا ہے۔

شیئرکریں: