آج کا دن دنیا کے کئی ممالک میں "عالمی یومِ مزدور” یعنی (International Labour’s Day) کے طور پر منایا جاتا ہے۔ لیکن بدلتے حالات میں اس اہم دن کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ کیوں کہ دنیا بھر میں الگ الگ تاریخوں کو الگ الگ چیزوں سے منسوب کیا جاتا ہے۔ جیسے ماؤں کا عالمی دن، ڈاٹر ڈے، ٹیچر ڈے وغیرہ اور آج کی تاریخ کو یعنی یکم مئی کو کئی ممالک میں مزدوروں سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اس لیے اسے "یومِ مزدور” بھی کہا جاتا ہے۔ اس تاریخ کو ہم یوم مزدور کے طور پر ہر سال کیوں یاد کرتے ہیں اور آج کے دن ایسا کیا ہوا تھا کہ ہم نے اس کو مزدوروں سے منسوب کیا ہوا ہے…؟
قارئین، دراصل یکم مئی 1886ء کو امریکی شہر شکاگو میں اپنے حقوق کےلیے جمع ہونے والے مزدوروں پر پولیس نے فائرنگ کی تھی۔ یہ واقعہ عدالت تک پہنچ گیا اور اس واقعے کا مقدمہ 21 جون 1886ء کو کریمنل کورٹ (Criminal Court) میں چلا۔ دفاع میں کسی کو صفائی پیش کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ اٹارنی جنرل نے عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سماج کو بچانے کے لیے ان مزدوروں کو سزا دی جائے، جس پر 19 اگست کو پانچ مزدور راہ نماؤں کو سزائے موت سنائی گئی۔
پانچ مزدوروں کو موت کی سزا کے علاوہ کئی اور مزدوروں کو بھی سزائیں سنائی گئیں جس میں ر نیبے کو 15 سال قید، شواب اور فلڈن کو عمر قید سنائی گئی۔ جب کہ ایک مزدور لیڈر "لنگ” نے قید میں خودکشی کر لی۔ 11 نومبر 1887ء کو مزدور راہ نماؤں اینجل، اسپائز، پارسنز اور فشر کو پھانسی دے دی گئی، ان میں سے صرف دو افراد امریکی شہری تھے باقی انگلینڈ، آئرلینڈ اور جرمنی کے شہری تھے۔ ان راہ نماؤں کے آخری رسومات میں 6 لاکھ سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔
1889ء میں پیرس میں "انقلاب فرانس” کی صد سالہ یاد گاری تقریب کے موقعے پر ریمونڈ لیونگ نے یہ تجویز رکھی کہ 1890ء میں شکاگو کے مزدوروں کی برسی کے موقع پر عالمی طور پر احتجاج کیا جائے۔ یومِ مئی عالمی طور پر منانے کے لیے اس تجویز کو با قاعدہ طور پر 1891ء میں تسلیم کر لیا گیا۔ اب دنیا بھر میں قانونی طور پر 8 گھنٹے کی ڈیوٹی کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔ یکم مئی کو دنیا کے کچھ ممالک لیبر ڈے کے طور پر مناتے ہیں۔

گوگل نے بھی "عالمی یوم مزدور” کے حوالے سے اپنا ڈوڈل تبدیل کیا ہے۔
فوٹو: ابدالؔی

جن ممالک میں لیبر ڈے یکم مئی کو منایا جاتا ہے ان میں ارجنٹائن، بولیویا، برازیل، بحرین، بنگلہ دیش سمیت کمبوڈیا اور چین شامل ہیں۔ واضح رہے امریکا کی مختلف ریاستوں میں اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کسی ایک روز منایا جاتا ہے۔اسی طرح بہاماس میں لیبر ڈے کی سات جون کو چھٹی کی جاتی ہے۔ آسٹریلیا، نیدر لینڈ، نیوزی لینڈ اور کینیڈا میں یہ دن ستمبر کے پہلی پیر کو منایا جاتا ہے۔ انگلینڈ میں یوم مئی کی چھٹی ہوتی ہے لیکن بینک بند نہیں ہوتے اور کمیونسٹ ممالک میں یومِ مئی کو فوجی پریڈز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
قارئین، وطنِ عزیز پاکستان میں مزدوروں کے ساتھ یَک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے یکم مئی کو یومِ مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے۔ لیکن اَب وقت کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ مزدوروں کے حق کی لڑائی لڑنے والی ٹریڈ یونین اب خود ایک تاریخ بنتی جا رہی ہیں۔
کیوں کہ آج سرکاری اداروں میں ہر چیز ٹھیکا پر دے دی گئی ہے اور نجی اداروں میں ٹریڈ یونین کا کوئی کلچر موجود نہیں ہے۔ یوں تاریخ کا یہ اہم ترین دن اب خود ایک تاریخ بنتا جا رہا ہے۔
__________________________
ابدالى انتظامیہ کا لکھاری سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شایع کروانا چاہتے ہیں، تو اُسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ ahabdali944@gmail.com پر اِی میل کر دیجئے۔ تحریر شایع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
شیئرکریں: