فرانز فینن (Frantz Fanon) اپنی مشہور کتاب “افتادگانِ خاک” (The Wretched of the Earth) میں لکھتے ہیں کہ “جب نادر شاہی مخلوق اپنی مطلق طاقت کے نشہ میں سرشار اور اس کے خاتمے کے خوف سے دوچار ہوتی ہے، تو اُنہیں یہ واضح طور پر یاد نہیں رہتا کہ وہ کبھی انسانی جامے میں تھے۔ وہ اب اپنے آپ کو بندوق یا کوڑا سمجھنے لگتی ہے۔”
قارئین، جنوری 2018ء میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف “محسود تحفظ موومنٹ” کے نام سے ایک تحریک شروع ہوئی جس نے اسلام آباد میں دھرنا دیا۔ اس دھرنے میں تمام پختون قیادت نے شرکت کی اور تقاریر کیں۔ دھرنے کے دوران میں پختون قیادت ایک بات کی نشان دہی بار بار کرواتی رہی کہ یہ دھرنا محض چند مطالبات تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس پلیٹ فارم سے ان تمام مظالم کے خلاف آواز اُٹھانی چاہیے جن کا سامنا بحیثیتِ ایک قوم پختون کئی دہائیوں سے کررہے ہیں۔
اسی دھرنے کے دوران پختون خوا میپ کے چئیرمین محمود خان اچک زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ مطالبات کیا ہیں؟ یہ تو گھنٹوں میں حل ہوسکتے ہیں، تم کیوں اتنی سادہ بن رہے ہو؟ دہشت گرد ایک شخص ہوتا ہے، مارکیٹ، گھر، اور دکانیں تو دہشت گرد نہیں ہوتیں۔ پھر آپریشنز میں مارکیٹیں کیوں گرائی گئیں؟ ہمیں اس کا حساب کون دے گا؟”
دھرنے میں ملک بھر سے پختونوں نے شرکت کی اور اسی دھرنے کے دوران “محسود تحفظ موومنٹ” (ایم ٹی ایم) “پختون تحفظ موومنٹ” (پی ٹی ایم) میں تبدیل ہوئی۔
پختون تحفظ موومنٹ نے اپنا پہلا جلسہ فروری 2019ء میں ژوب کے مقام پر کیا، دوسرا جلسہ قلعہ سیف اللہ، تیسرا جلسہ خانوزئی بازار اور چوتھا جلسہ کوئٹہ شہر میں کیا۔ ان جلسوں میں قبایلی عمایدین اور پختون سیاسی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہاں سے “پختون تحفظ موومنٹ” کے ساتھیوں کو تنگ کرنے اور انہیں اس کام سے روکنے کےلیے مقتدر قوتوں کی طرف سے طرح طرح کے اوچھے ہتھکنڈے شروع ہوئے۔ شروع میں ان کے خلاف صرف ایف آئی آر درج ہوئیں لیکن جیسے جیسے “پختون تحفظ موومنٹ” عوام میں مقبول ہوتی رہی، مقتدر قوتیں تشدد پر اُتر آئی۔
کراچی جلسے کی کمپین کے دوران پختون تحفظ موومنٹ کے راہ نماؤں کو اغوا کیا گیا اور ان پر بے تحاشا تشدد کیا گیا۔ ان راہ نماؤں میں پروفیسر ارمان لونی بھی شامل تھے جن پر حراست کے دوران اتنا تشدد کیا گیا کہ وہ تشدد کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے تھے۔ تشدد، پروپیگنڈے، گرفتاریاں اور دھمکیاں معمول بن گئی اور پھر رمضان کے مقدس مہینے میں علی وزیر اور اس کے ساتھیوں پر حملہ ہوا جس میں “پختون تحفظ موومنٹ” کے ڈھیر سارے کارکنان شہید ہوئے۔ اس واقعے پر شدید احتجاج بھی ہوا لیکن یہ سلسلہ یہاں رُکا نہیں۔
02 فروری 2019 کو پختون تحفظ موومنٹ کے راہ نماء پروفیسر ابراہیم ارمان لونی کو احتجاجی دھرنے میں شرکت کے فوراً بعد دن کے اجالے میں قتل کیا۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ اس کے قتل کے بعد لوگوں کو اس کے جنازے میں شرکت سے روکا گیا۔ پختون تحفظ موومنٹ کے راہ نماؤں کی صوبے میں داخلے پر پابندی لگائی گئی اور جنازے کے بعد جب وہ واپس جا رہے تھے، تو ان پر گولیاں برسائی گئیں۔ مہینوں تک اس کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی اور بجائے اس کے کہ ارمان کے قاتل کو سزا ملتی، اسے پروموشن ملی۔ یہ مقتدر قوتوں کا ایک ایسا جبر تھا جس کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔
26 مئی 2019ء کو پختون تحفظ موومنٹ کے راہ نماء علی وزیر اور محسن داوڑ ایک پُرامن احتجاجی مظاہرے کےلیے جارہے تھے جن پر خڑ کمر چیک پوسٹ کے مقام پر رمضان کے مقدس مہینے میں گولیاں برسائی گئی جس کے نتیجے میں چودہ سے زیادہ افراد شھید ہوئے۔ منتخب اراکینِ اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ کو بنا کسی وارنٹ گرفتار کرکے جیل میں ڈالتے ہوئے آئینِ پاکستان کو پاوں تلے روند ڈالا۔ ایک طرف بے گناہ افراد کو قتل کیا اور دوسری طرف میڈیا پر علی وزیر اور محسن داوڑ پر یہ الزام لگایا گیا کہ انہوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔
بقولِ شاعر!
تمہارا شہر، تم ہی مدعی، تم ہی منصف
مجھے یقین تھا میرا ہی قصور  نکلے گا
قارئین، ایک پُرامن سیاسی تحریک کے کارکنان کی گرفتاریاں، ان پر تشدد، مار دھاڑ، ان کے خلاف پروپیگنڈے عروج پر تھے کہ اسی دوران پختون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور احمد پشتین کو رات کی تاریکیوں میں پشاور سے گرفتار کیا گیا۔ اس غیر قانونی گرفتاری کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔  مملکت خداداد میں پُرامن  مظاہرین پر ریاست پھٹ پڑی اور کارکنان پر تشدد کیا گیا۔ ریاست کے دارلحکومت میں منتخب رکنِ اسمبلی کو مارتے اور گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا گیا اور ساتھ ہی درجنوں سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان پر دہشت گردی اور بغاوت کے مقدمات درج کرکے جیل بھیج دیئے گئے۔
گذشتہ ہفتے یعنی 09 فروری 2020ء کو لورالائی شہر میں پختون تحفظ موومنٹ کا جلسہ ارمان لونی شھید کے برسی کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔ کیوں کہ یہ وہی شہر ہے جہاں پروفیسر ارمان لونی کو قتل کیا گیا تھا۔ صبح ارمان لونی کی بہن “وڑانگہ لونی” اپنی آہ و فریاد لے کر جلسہ گاہ اپنے بھائیوں کے پاس جانے والی تھی کہ جہاں وہ اپنے بھائیوں کو بتا سکے، کہ کس جرم کی بنا پر ارمان کو قتل کیا گیا؟ ارمان کس ارمان کی تکمیل میں مارا گیا، لیکن اس سے پہلے کہ وہ جلسہ گاہ پہنچتی، انہیں ان کے ساتھی ثناء اعجاز کے ساتھ ہی گرفتار کیا گیا۔
پختون معاشرے میں عورت کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ یہاں عورت کی گرفتاری اور وہ بھی ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے، ایک نا قابلِ برداشت عمل ہے۔ ایک ایسا معاشرہ جس میں دوستی سے لے کر دشمنی تک ہر چیز کے اصول، قواعد وضوابط طے ہوں، وہاں اس طرح کی اوچھی حرکتیں کرنے کا مقصد کیا ہوسکتا ہے؟ کیا ریاست چاہتی ہے کہ پختون نوجوان اپنی پُرامن سیاسی جدوجہد چھوڑ کر کوئی پُرتشدد راستہ اختیار کریں؟ اگر نہیں، تو پھر ان سے پر امن احتجاج کا حق کیوں چھینا جا رہا ہے؟
لہٰذا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست اپنی پختون شکن پالیسیوں پر نظرثانی کریں۔ پختونوں کو ان کا آئینی و قانونی حقوق دیا جائے۔ مقتدر قوتوں کو پختونوں کی نسل کشی سے روکا جائے، کیوں کہ پختون مزید اس ریاست سے وفاداری کی سرٹیفیکیٹ لینے والے نہیں۔ پختونوں کی وسایل پر غیروں کا تسلط ختم کردیا جائے۔ پنجاب میں پختونوں کو شناختی کارڈ، این او سی اور دیگر بہانوں سے تنگ کرنا چھوڑ دیا جائے۔ فوجی آپریشنز میں جن لوگوں کے مکانات اور دوکانیں سمیت تمام کاروباری سرگرمیاں تباہ ہوچکی ہیں، ان کی بحالی کےلیے فی الفور اقدامات کیے جائیں۔ حکومت پچاس لاکھ گھر بنانے سے پہلے پختونوں کے تباہ حال گھروں کو آباد کرے اور آئین کے مطابق پختونوں کی پُرامن سیاسی تحریک کو چلانے دے۔
ورنہ بقولِ علامہ محمد اقبال!
 پھر بھی ہم سے یہ گلہ ہے کہ وفادار نہیں
ہم  وفادار  نہیں تو  بھی  تو دل  دار نہیں
________________________________
قارئین، ابدالى انتظامیہ کا لکھاری سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شایع کروانا چاہتے ہیں، تو اُسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ ahabdali944@gmail.com پر اِی میل کر دیجئے۔ تحریر شایع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
شیئرکریں: