قارئین، 1895ء اور 1897ء کو ملاکنڈ میں فوجی مہموں کے دوران مسلمانوں کے طرح انگریزوں کو بھی بھاری جانی نقصان ہوا۔ کیوں کہ برطانوی سپاہیوں کو بھی ان جگہوں پر دفن کیا گیا ہے جہاں مسلمانوں کی قبریں موجود ہیں۔ اگرچہ ملاکنڈ کے گرد و نواح میں مسلمانوں کی قبریں بکھری ہوئی ہیں۔ تاہم، جنوب میں موجودہ ملاکنڈ لیویز ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک برطانوی قبرستان واقع ہے، جہاں تقریباً 100 قبریں موجود ہیں۔ ان سو قبروں میں سے تقریباً 51 قبروں پر کراس کا نشان موجود ہے، جو اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ یہ برطانوی فوجی تھے۔ دست یاب تاریخ سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ یہ قبرستان 1916ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ مقبرے میں موجود تقریباً تمام قبروں پر پتھر کی سلیبیں لگے ہوئی ہیں جن پر مناسب خطوط لکھے گئے ہیں۔ ذیل میں کچھ قبروں کی فہرست موجود ہے؛
☆ رچرڈ، 07 اپریل 1859ء کو پیدا ہوئے اور ملاکنڈ جنگ میں مارا گیا۔
☆ لیفٹیننٹ کرنل جان لیمب، 24 پنجاب انفنٹری، 13 ستمبر 1854ء کو پیدا ہوئے۔ 26 جولائی 1897ء کے رات زخمی ہوئے۔ لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 23 اگست 1897ء کو چل بسے۔
☆ ٹرومین سٹین، بنگال انفنٹری، عمر 25 سال، وفات 5 اگست 1901ء۔
☆ جارج بارکلے بٹلمز، عمر 24 سال، وفات 28 اگست 1902ء۔
☆ لیفٹیننٹ اینڈریو ہیریگٹن، 26 پنجاب انفنٹری، عمر 28 سال، 14 ستمبر 1897ء کو دریائے پنجکوڑہ میں گرنے کے سبب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 20 ستمبر 1897ء کو انتقال کر گئے۔
☆ نام معلوم نہیں، عمر 27 سال، 18 اگست 1897ء کو لنڈاکئی کے مقام پر کارروائی میں مارے گئے۔
☆ لیفٹیننٹ ولیم براؤن گلیٹن، پہلی بٹالین، ملکہ کا اپنا رائل ویسٹ کینٹ ریگٹ، 30 ستمبر 1897ء کو ایکشن میں مارا گیا۔
☆ نمبر 23318، سارجنٹ کیسل QAS AM، عمر 31 سال، 2 جولائی 1896ء کو وفات پا گیا۔
☆ ایک اور قبر، جس کے گرد لوہے کی پٹی لگی ہوئی ہے جب کہ دیگر تفصیلات معلوم نہیں ہے۔ اس پر محض 5th QO درج ہے۔
قارئین، اس قبرستان میں سیاہ پتھر سے بنا ایک سلیب بھی موجود ہے، جسے اینٹوں سے بنا کر یادگار کے طور پر نصب کیا گیا ہے۔ یہ یادگار تقریباً تین فٹ اونچا اور تین فٹ چوڑا ہے۔ یادگار پر درج ذیل سطریں کندہ کی گئی ہے۔ نوشتہ جات ہندوؤں کے نام معلوم ہوتے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ ان کا تعلق مدراس سے ہو۔ یہ اہل کار سیپرز اینڈ مائنر (انڈین کور آف دی انجینئرز) سے ہیں اور ان کے نام سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ برطانوی انڈین آرمی کے گورکھا سپاہی دکھائی دیتے ہیں۔ وہ نام یہ ہیں؛
نمبر 1334 Saper Durugien-5C۔
نمبر 1636 Saper Ponnusami-5C، ایکشن 26 جولائی، 1897ء میں مارا گیا۔
نمبر 1085 Saper Appalsami-5C، وفات ملاکنڈ 13 اگست 1897ء۔
نمبر 2529 Saper Ponusami-6C، وفات ملاکنڈ 22 جنوری1901ء۔
نمبر 1737 Saper Durugchalum-6C، مارچ 1897ء۔
قارئین، اس کے علاوہ سنگ مرمر کے سلیب بھی نصب ہیں۔ ایک سلیب پر درج ذیل نوشتہ ہے؛
"This cross is erected by his brother officer British and native in token of affection esteem cora, good soldier, stench comrade and dear friend.
The Lord watch between me and thee when we are absent one from another.”
قارئین، عدم توجہ کی وجہ سے یہ قبریں برق رفتاری کے ساتھ ختم ہو رہی ہیں اور خدشہ ہے کہ چند سالوں بعد ملاکنڈ میں برطانوی قبرستان کا کوئی نشان نظر نہیں آئے گا۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ برطانوی حکومت اس قبرستان کے تحفظ کےلیے عملی اقدامات اٹھائیں۔
___________________________
قارئین، ابدالى انتظامیہ کا لکھاری سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شایع کروانا چاہتے ہیں، تو اُسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ ahabdali944@gmail.com پر اِی میل کر دیجئے۔ تحریر شایع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔