ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔ سوات اور مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری نے پہاڑوں کو ڈھک لیا جس سے موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔
گذشتہ رات سے چلاس اور مضافات میں بارش جب کہ بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ پارا چنار اور  کوہ سفید پر  بھی وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادئ گلیات میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔سیاحتی مقامات ایوبیہ، شانگلہ، ڈونگا گلی، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں دو سے تین انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔ ملکہ کوہسار مری، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں بھی ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔
وادئ نیلم میں بارش اور برف باری  کے باعث کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ آٹھمقام اور گرد و نواح میں بارش جب کہ شاردہ ،کیل، لوات بالا، سرگن، شونٹھر، گریس، تاؤبٹ، رتی گلی، جاگراں اور بابون میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع خیبر کی  وادئ تیراہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔ وادئ تیراہ کے علاقے راجگل و میدان میں پہاڑوں  نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ آزاد کشمیر کی وادئ لیپہ کے پہاڑوں  پر بھی برف کے گالے اتر آئے۔ رات سے بارش جب کہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
لاہور، اسلام آباد، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، چیچہ وطنی، سرگودھا، گجرات، کوہاٹ اور بنوں سمیت کئی شہروں میں بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے۔
شیئرکریں: