10 دسمبر 1963ء وطنِ عزیز کےلیے خوش بختی کا سال ثابت ہوا۔ کیوں کہ اسی سال نوے کلے پایان ضلع پشاور میں روشن خان کے گھر ایک بچے نے جنم لیا۔ کم زور جسامت اور صحت والے اس بچے کے بارے میں کون جانتا تھا کہ یہ بچہ بڑا ہوکر سبز ہلالی پرچم کو دنیا بھر میں سر بلند کرے گا…؟
جی ہاں! بات ہورہی ہے سکواش کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور لیجنڈ جہانگیر خان کی، جنہوں نے چھے بار ورلڈ اوپن اور دس بار یعنی (1991 تا 1982ء) مسلسل برٹش اوپن ٹائٹل جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ جس کی وجہ سے ان کو اب تک دنیا کے سب سے بڑے سکواش کھلاڑی مانے جاتے ہیں۔
جہانگیر خان کی ابتدائی کوچنگ اُن کے والد روشن خان نے کی، جو 1957ء کے برٹش اوپن چیمپئن تھے۔ والد کے بعد بڑے بھائی طورسم خان جو 70ء کی دہائی میں بین الاقوامی سکواش کے معروف کھلاڑیوں میں سے ایک تھے، نے کی۔ طورسم خان ایڈیلیڈ آسٹریلیا میں آسٹریلین اوپن میں ایک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ بھائی کی ناگہانی موت سے خان کو بڑا دُکھ ہوا جس کی وجہ سے اُنہوں نے سکواش چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن اُن کے کزن رحمت خان نے اُن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھائی کے نام کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں، تو اُن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی خاطر سکواش میں کیرئیر بنانے پر توجہ دے اور خود اُن کی کوچنگ کرتے ہوئے اُنہیں کیریئر بنانے کے گُر سکھائے۔
1981ء کو پاکستانی سلیکٹرز نے جہانگیر خان کو آسٹریلیا میں عالمی چیمپئن شپ میں کھیلنے کےلیے منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن اسی سال آپ 17 سال کی عمر میں ورلڈ ایمیچور انفرادی چیمپئن شپ میں شامل ہوئے اور اسٹریلوی کھلاڑی جیوف ہنٹ کو شکست دے کر مذکورہ ایونٹ کے سب سے کم عمر ترین فاتح قرار پائے۔ جس کے بعد دنیا صحیح معنوں میں جہانگیر خان کے نام سے آشنا ہوئی، یعنی یہ ایک فاتح عالم کی طویل حکمرانی کا آغاز تھا، جو 1991ء تک جاری رہا۔ یہ وہی خواب تھا جو ان کے بڑے بھائی نے دیکھا تھا، جس کو دیکھنے کےلیے وہ موجود نہ تھے۔ اتفاق دیکھئے کہ جس روز جہانگیر خان ورلڈ چیمپیئن بنے، اس سے ٹھیک دو سال پہلے 28 نومبر 1979ء کو ان کے بھائی طورسم خان کا انتقال ہوا تھا۔

سکواش لیجنڈ جہانگیر خان پشاور آپ کی کے مالک جاوید آفریدی کے ہم راہ پی ایس ایل کی میچ دیکھتے ہوئے

قارئین! جہانگیر خان 1993ء کو بطورِ کھلاڑی ریٹائر ہوئے اور تاحال کراچی میں اہلِ خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ آپ 2002ء سے 2008ء تک ورلڈ سکواش فیڈریشن کے صدر کی کرسی پر براجمان رہے، جب کہ 2008ء کو ورلڈ سکواش فیڈریشن ایمریٹس کے صدر بنے۔ 2018ء کو جاپان میں منعقدہ ایک تقریب میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (SAF) کے عالمی صدر بنے۔ SAF کی بنیاد مایہ ناز پاکستانی کرکٹر شاہد خان آفریدی نے رکھی تھی، جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکومتِ پاکستان نے جہانگیر خان کی ناقابلِ فراموش خدمات کے اعتراف میں 1984ء کو اُن کے نام سے ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا۔ اس کے علاوہ 1999ء کو فرانسیسی حکومت کی طرف سے کھیل اور یوتھ ایوارڈ اور 2005ء کو ٹائم میگزین نے اُن کو گزشتہ 60 سالوں میں ایشیا کے ہیروز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے انہیں ٹائمز ایوارڈ سے نوازا۔ 2007ء کو لندن میٹروپولیٹن یونی ورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ آف فلسفہ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازے گئے۔ 2017ء کو جاپان کی حکومت نے ان کے نام سے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کیا۔ 2018ء کو کھیل میں شان دار کامیابی کےلیے آٹھویں ایشین ایوارڈ کے فاتح کا اعزاز بھی ان کے نام رہا۔
قارئین! سکواش لیجنڈ جہانگیر خان دنیا کے وہ واحد کھلاڑی ہیں، جنہوں نے لگا تار 555 مقابلے جیتیں، چھے بار ورلڈ اوپن اور دس بار مسلسل برٹش اوپن سمیت دیگر بے شمار اعزازات اپنے نام کیے۔ نئی نسل کو پتا ہونا چاہیے کہ یہ وہ ہیروز ہیں جن کی بدولت دنیا میں پاکستان کا نام اور سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سر بلند رہا۔ ہمیں اپنے ان ہیروز کی قدر کرنی چاہیے اور ان کو احترام کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔
ربِ کائنات جہانگیر خان جیسے ہیروز پاک سرزمین کو عطا فرمائے، آمین!
شیئرکریں: