عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے بھی انتخابی دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔
خیبر پختون خوا کے ضلع چارسدہ کے فاروق اعظم چوک میں انتخابی دھاندلی سے متعلق احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنائیں۔ ہم کمیشن میں ان افراد کو پیش کریں گے جن سے پیسے مانگے گئے اور لیے گئے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ میں 08 فروری کے الیکشن میں ناکامی پر مایوس نہیں، ہم امن بانٹنے والے عدم تشدد کے علم بردار ہیں اور 100 سال سے اپنے حقوق کی جد و جہد کر رہے ہیں۔ یہاں ایک تھپڑ پر لوگ وفاداریاں بدلتے ہیں۔

اے این پی خیبر پختون خوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جوڈیشل کمیشن بنائیں۔ ہم کمیشن میں ان افراد کو پیش کریں گے جن سے پیسے مانگے گئے اور لیے گئے۔
فوٹو: ابدالؔی

راہ نما اے این پی نے مزید کہا کہ ہم اس ریاست اور قوم کے لیے کبھی نہیں جھکے اور آج بھی دہشت گرد کو دہشت گرد کہتے ہیں۔ پاکستان میں جنگ وسائل اور اختیار کی ہے، ہمیں گونگے، بہرے، اور لولے لنگڑے نہیں چاہئیں، ہمیں وہ نہیں چاہیے جو نمائندگی کے بجائے غلامی کرے، ایک گھڑی چور اور توشہ خانہ چور ہوتے ہیں۔
ایمل ولی نے مزید کہا کہ اے این پی قوم کا حق پارلیمان کے راستے سے جیتنا چاہتی ہے، ذاتی لالچ کےلیے پارلیمان میں جانا نہیں چاہتے۔ مصیبتیں اور مشکلات قوم کی خاطر برداشت کرتا ہوں۔ اگر کوئی گرفتار کرنا چاہتا ہے، تو ٹیلی فون کرے ہم خود حاضر ہوں گے۔ لیکن خیال رکھیں رات کو گھروں پر چھاپے مت ماریں، ہم گرفتاری سے ڈرنے یا بھاگنے والے نہیں۔
شیئرکریں: