پاکستان کی سیاسی تاریخ میں 04 دسمبر 1953ء انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیوں کہ اسی روز ملک کی تاریخ کا پہلا سیاسی اتحاد قایم ہوا۔ “جگتو فرنٹ” کہلائے جانے والے اس متحدہ محاذ میں چار سیاسی جماعتیں یعنی عوامی لیگ، سرامک کرشک پارٹی، گن تنتری دل، اور نظامِ اسلام پارٹی شامل تھیں جن کے قایدین حسین شہید سہروردی، مولوی فضل حق، مولانا بھاشانی اور مولانا اطہر تھے۔
قارئین، یہ اتحاد بنیادی طور پر مارچ 1954ء کو ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ کو ہرانے کےلیے بنایا گیا تھا۔ چار جماعتی اس اتحاد نے اپنے منشور کی وجہ سے مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں اتنی مقبولیت حاصل کی تھی کہ مسلم لیگ کی بقا کو ہی خطرے میں ڈال دیا تھا۔ یہ منشور 21 نکات پر مشتمل تھا جس میں “جگتو فرنٹ” نے عدلیہ کی انتظامیہ سے علاحدگی، بنیادی حقوق کے تحفظ، مکمل صوبائی خود مختاری، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، امتناعی نظر بندی کے قوانین کا مکمل خاتمہ اور بنگلہ (بنگالی) کو اُردو کے ساتھ قومی زبان کا درجہ دینے جیسے مطالبات کیے تھے۔
شیئرکریں: