سوات اولسی پاسون کے آفیشل فیس بُک پیج کے مطابق سوات اولسی پاسون کے روح و رواں فواد خان یوسف زئی کو گذشتہ رات سوات پولیس نے گھر سے اُٹھایا ہے۔ ان کے بارے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوات اولسی پاسون کے مرکزی رہ نما اور حلقہ این اے 04 سوات سے قومی اسمبلی کے امیدوار فواد خان یوسف زئی کو رات کے اندھیرے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھر سے اُٹھالیا گیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ دنوں بھی فواد خان یوسف زئی اور آفتاب خان دونوں کو تحصیلِ کبل پولیس نے رات کو گرفتار کیا تھا۔ لیکن شدید عوامی ردِ عمل کے بعد دونوں کو رہا کیا گیا تھا۔
عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختون خوا کے کلچر سیکرٹری ڈاکٹر خادم حسین نے موصوف کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد خان یوسف زئی گذشتہ دو دنوں سے لاپتا ہے۔ ان کا جرم یہی ہے کہ انہوں نے پختون سر زمین پر قانون اور آئین کے دایرے میں قیامِ امن کا مطالبہ کرتے ہوئے سوات اولسی پاسون کے انعقاد میں ایک بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے جان لیں کہ وہ عدمِ تشدد کا پیروکار اور ایک ذمہ دار شہری ہے۔ لہذا حکومت اور سیکورٹی ادارے ان کی بازیابی کےلیے تمام تر وسایل بروئے کار لائے۔
شیئرکریں: