ملک میں ساتویں مردم و خانۂ شماری یکم مارچ 2023 سے شروع ہوگئی ہے، جس کےلیے ٹیمیں ہر جگہ گھر گھر جائیں گی۔ مگر اس بار مردم شماری کےلیے آپ اپنے ڈیٹا کا اندراج خود آن لائن کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ ساتویں مردم و خانۂ شماری سے متعلق 20 فروری کو وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق نے خود شماری پورٹل کا افتتاح کیا تھا۔
ڈیجیٹل مردم شماری کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے 3 مارچ تک آن لائن ہوگا، دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے 15 مارچ تک ڈور ٹو ڈور اور تیسرا مرحلہ 18 مارچ سے یکم اپریل تک ہوگا۔
ڈیجیٹل خود شماری پورٹل میں ڈیٹا کے اندراج کا طریقۂ کار کافی آسان ہے، جو درج ذیل ہے۔
1۔ سب سے پہلے آپ کو ویب براؤزر پر https://self.pbs.gov.pk/ پر جانا ہوگا۔
2۔ ویب سائٹ کے اوپن ہونے کے بعد اوپر دائیں جانب رجسٹر کے بٹن پر کلک کریں۔
3۔ رجسٹر کے بٹن پر کلک کرنے کے بعد آپ کو رجسٹریشن فارم بھرنا ہوگا۔
4۔ پھر ویب سائٹ پر لاگ ان کے بٹن پر کلک کریں اور وہاں موبائل نمبر اور پاس ورڈ کا اندراج کرنے کے بعد آپ کو ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) موصول ہوگا۔
5۔ لاگ ان ہونے کے بعد خاندان کے افراد کی تفصیلات جیسے نام، عمر، رشتہ، زبان، مذہب، تعلیم، ملازمت اور دیگر کا اندراج کرنا ہوگا۔
6۔ خاندان کے سربراہ کا نام سب سے پہلے درج ہوگا اور اس کے بعد ترتیب سے گھر والوں کی تفصیلات کا اندراج کرنا ہوگا۔
7۔ تمام تفصیلات درج کرنے کے بعد انہیں دھیان سے پڑھیں تاکہ کوئی غلطی نہ ہو اور اگر کچھ تبدیل کرنا ہو، تو متعلقہ خانے پر کلک کریں۔
8۔ جب آپ تفصیلات کو جمع کرائیں گے، تو سسٹم کی جانب سے پوچھا جائے گا کہ کیا آپ اسے جمع کرانا چاہتے ہیں، تو یس پر کلک کریں۔
9۔ تفصیلات جمع ہونے کے بعد آپ کے موبائل پر ایک یونیک ٹوکن نمبر (یو ٹی این) بھیجا جائے گا جسے محفوظ کرلیں۔
10۔ جب مردم شماری کرنے والی ٹیمیں آپ کے گھر آئیں گی، تو اس یو ٹی این نمبر سے آپ اور آپ کے خاندان کی تصدیق ہوگی۔
11۔ ڈیجیٹل خود شماری کی خاص بات یہ ہے کہ جو فرد جس شہر یا ضلع میں مقیم ہوگا، اس کا شمار اسی شہر کے رہائشی کے طور پر ہوگا۔ چاہے شناختی کارڈ پر مستقل پتا کسی دوسرے شہر کا ہی درج کیوں نہ ہو۔