خیبر پختون خوا کے پانچ ڈویژن یعنی پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر 2021ء کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔ مذکورہ 17 اضلاع میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مردان، صوابی، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ وغیرہ شامل ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخواہ کی کُل 7 ڈویژن اور 35 اضلاع ہیں۔ لیکن ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں الیکشن دوسرے مرحلے میں ہوں گے۔
نئی بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل کونسل، ویلج کونسل اور پانچ بڑے شہروں کی تحصیل کونسل کا سربراہ "مئیر” کہلائے گا۔ پشاور، بنوں، مردان، کوہاٹ اور ڈی آئی خان سٹی میئر کا انتخاب براہِ راست ہوگا۔ اس کے علاوہ 61 تحصیلوں میں انتظامی سربراہ "چیئرمین” کہلائے گا۔
تمام اُمیدوار الیکشن جماعتی بنیادوں پر لڑیں گے۔ جس میں ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنی رائے حق دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ کےلیے 9212 پولنگ سٹیشنز قائم کیے ہیں۔ جن میں تمام ووٹرز تحصیل چیئرمین، مئیر، جنرل کونسلر، یوتھ، خواتین، مزدور کسان اور اقلیت کےلیے الگ الگ ووٹ کاسٹ کریں گے۔
حکومتی فارمولے کے مطابق 30 فی صد ترقیاتی فنڈ مقامی حکومتوں کو ملے گا اور تحصیل سطح پر تمام ادارے مئیر یا تحصیل چیئرمین کی زیرِ نگرانی کام کریں گے۔