عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر راہ نما اور سابق پارلیمنٹیرین غلام احمد بلور نے سیاست سے دست بردار اور پشاور چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ غلام احمد بلور نے نہ صرف سیاست چھوڑنے بلکہ اس کے ساتھ پشاور شہر میں بھی رہائش بھی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلور پشاور سے اسلام آباد منتقل ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حاجی بلور نے انتخابی عمل میں پے درپے شکستوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد انتخابی سیاست سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان میں غلام احمد بلور نے کہا کہ وہ کچھ قوتوں کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ اسی لیے مجھے مسلسل چار انتخابات میں شکست دلائی گئی، میرے بھائی بشیر بلور اور بھتیجے ہارون بلور کو شہید کیا گیا۔ اب اگر الیکشن ہی نہیں لڑنا، تو پھر پشاور میں کیوں رہوں…؟
جب کہ دوسری طرف “جیو نیوز” کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے بلور کا کہنا تھا کہ 2024ء کا الیکشن میں نے 85 سال کی عمر میں لڑا، صحت مزید انتخابی سیاست کی اجازت نہیں دیتی۔ ہم شہیدوں کے امین ہیں، مرتے دم تک سیاست کرتا رہوں گا۔ سیاست سے علاحدگی اختیار نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سے اسلام آباد منتقل ہونے کا بھی سوچھ رہا ہوں، پشاور کے عوام نے بہت پیار دیا ہے۔
شیئرکریں: