پنجاب اور خیبر پختون خوا الیکشن کی تاریخ کے تعین کے حوالے سے لیے جانے والے سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کیس کے حوالے سے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل کا تفصیلی فیصلہ سامنے آنے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں عدالتی اصلاحات ترمیمی بل 2023ء کا مسودہ منظور کیا گیا۔
ذرایع کے مطابق ترمیمی بل کے مطابق از خود نوٹس کا فیصلہ تین سینئر ججز کریں گے، تین رکنی سینئر ججز کی کمیٹی از خود نوٹس کا فیصلہ کرے گی۔
ترمیمی بل کے تحت از خود نوٹس کے خلاف اپیل کا حق ہوگا اور 30 دن میں اپیل دایر ہوسکے گی، جس کو دو ہفتوں میں فکس کیا جائے گا۔
کابینہ سے منظوری کے بعد وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی اصلاحات کا بل "سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل” قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ جس پر رولنگ دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بل کو قایمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھیج دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی قایمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس کل صبح ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین محمود بشیر ورک کریں گے۔ قایمہ کمیٹی قانون و انصاف کل ہی بل منظور کرکے ایوان میں رپورٹ دے گی۔ قومی اسمبلی کل عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کی حتمی منظوری دے گی اور پھر مجوزہ بل جمعرات کو سینیٹ میں منظوری کےلیے پیش کیا جائے گا۔