سوات کے تحصیلِ مٹہ میں پختون خوا ملی عوامی پارٹی (پختون خوا میپ) کے زیرِ اہتمام امن و امان کی صورتِ حال اور پشاور پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے۔ مظاہرے میں شریک لوگوں نے مختلف پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جن پر قیامِ امن کا مطالبہ، بد امنی اور دہشت گردی نا منظور جیسے نعرے درج تھے۔
مظاہرے میں سیاسی قائدین کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکم ران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوامی جذبات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے قیام امن کےلیے عملی اقدامات اُٹھائیں۔
واضح رہے کہ 30 جنوری 2023ء کو پشاور پولیس لائن میں واقع مسجد میں خود کش دھماکا ہوا تھا، جس میں 100 سے زائد افراد شہید جب کہ 221 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔