لاہور کے معروف سیاسی خاندان کے چشم و چراغ، وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے صاحب زادے اور پنجاب کے 21 ویں وزیرِ اعلا حمزہ شہباز شریف 06 ستمبر 1974ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کرنے کے بعد لندن سے ایل ایل ایم کیا۔
تعلیم سے فراغت کے بعد جب میدان سیاست میں آئے، تو حکومتی ایوانوں میں پہنچنے سے پہلے جیل کی سفر کی، 19 برس کے تھے جب محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے دوسرے دورُ حکومت میں 6 ماہ تک اڈیالہ جیل میں رہے۔
جنرل پرویز مشرف کے مارشل لاء میں شریف خاندان کو جلا وطن کیا گیا، تو حمزہ شہباز کو شریف فیملی کے ضامن کے طور پر پاکستان میں ہی رکھا گیا۔
2008 اور 2013 کے الیکشن میں اندرون شہر کے حلقے این اے 119 سے دو مرتبہ رُکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پنجاب میں اپنے والد اور اس وقت کے وزیرِ اعلا شہباز شریف کے پبلک افیئرز یونٹ کے انچار ج بھی رہے۔
جولائی 2018 میں رُکن پنجاب اسمبلی بننے کے بعد پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف منتخب ہوئے۔
حمزہ شہباز گزشتہ ادوار کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتے رہے اور لیگی متحارب دھڑوں میں صلح بھی کراتے رہے۔ انہیں ایک منکسر المزاج اور کارکنوں سے مسلسل رابطہ رکھنے والے سیاسی رہنما کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
شیئرکریں: