محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختون خوا نے نیا تعلیمی کیلنڈر جاری کر دیا ہے۔ صوبے میں مختلف موسمی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اب پرائمری تا مڈل سکولوں کے لیے سمر اور ونٹر زونز کے حساب سے الگ الگ تعلیمی سال ہوں گے۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کی فلاح و بہبود اور معیاری تدریسی عمل کو یقینی بنانا ہے۔
سمر زون کے سکولوں میں نیا تعلیمی سال یکم ستمبر سے اگست تک ہوگا۔ اس میں پہلا سمسٹر ستمبر سے دسمبر اور دوسرا سمسٹر جنوری سے مئی تک جاری رہے گا جب کہ جون تا اگست موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی۔ ونٹر زون کے سکولوں میں تعلیمی سال یکم مارچ سے دسمبر تک ہوگا، اس میں پہلا سمسٹر مارچ سے جون اور دوسرا سمسٹر اگست سے دسمبر تک ہوگا جب کہ دسمبر تا فروری موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔
نئے نظام کے مطابق امتحانات بھی دو حصوں میں ہوں گے۔ پہلے سمسٹر کے امتحانات کو سالانہ نتیجے میں 45 فی صد اور دوسرے سمسٹر کے امتحانات کو 55 فی صد وزن دیا جائے گا تاکہ طلبہ کی کارکردگی کا متوازن اور شفاف انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔ سمر زون کے امتحانات دسمبر اور مئی میں جب کہ ونٹر زون کے امتحانات دسمبر میں منعقد ہوں گے۔
اس پالیسی کے تحت صوبے کے مختلف خطوں میں موسمی تنوع کو مدِنظر رکھتے ہوئے تعلیمی نظام مزید مربوط اور بچوں کے لیے سازگار بنایا گیا ہے۔ یہ قدم نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری لائے گا بلکہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے آسانی اور سہولت پیدا کرے گا۔