عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر راہ نما اور سابق پارلیمنٹیرین غلام احمد بلور نے سیاست سے دستبردار ہونے اور پشاور شہر چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، غلام احمد بلور نہ صرف انتخابی سیاست سے کنارہ کشی کر رہے ہیں بلکہ پشاور میں اپنی رہائش بھی ترک کر کے اسلام آباد منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلور نے مسلسل انتخابی شکستوں اور سیاسی حالات کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا:
"میں کچھ قوتوں کے معیار پر پورا نہیں اترتا، اسی لیے مجھے مسلسل چار انتخابات میں شکست ہوئی، میرے بھائی بشیر بلور اور بھتیجے ہارون بلور شہید ہوئے۔ اب اگر الیکشن ہی نہیں لڑنا، تو پھر پشاور میں کیوں رہوں؟”
دوسری جانب، "جیو نیوز” سے گفتگو میں غلام احمد بلور نے واضح کیا کہ وہ 2024ء کے انتخابات 85 سال کی عمر میں لڑ چکے ہیں اور صحت مزید انتخابی سیاست کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا:
"ہم شہیدوں کے امین ہیں اور مرتے دم تک سیاست کرتے رہیں گے، سیاست سے مکمل علاحدگی اختیار نہیں کی گئی۔ میں پشاور سے اسلام آباد منتقل ہونے کا بھی سوچ رہا ہوں، پشاور کے عوام نے بہت پیار دیا ہے۔”
بلور کی اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی سیاسی وابستگی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، تاہم عملی طور پر اب وہ پشاور کی سیاست سے فاصلے اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

شیئرکریں: