20 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کی موجودگی میں مسجد نمرہ میں شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے خطبۂ حج دے دیا۔
شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے خطبۂ حج میں کہا کہ اللہ تعالا اپنی ذات میں واحد ہے، پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کرنے والوں نے فلاح پائی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالا نےحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت بنا کر بھیجا، جن لوگوں نے پیغمبر صلی اللہ علیہ و سلم کی عزت کی، ایمان لائے اور اس نور الہیٰ کی پیروی کی جو نازل ہوا، وہ ہی کام یاب لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رسول صلی اللہ علیہ و سلم نےفرمایا کہ اے لوگو، میں اللہ کا رسول ہوں، جس کے ہاتھ میں ساری کائنات ہے، وہی زندہ کرتا اور مارتا ہے، وہ برحق ہے، اس پر ایمان لاؤ، اے لوگوں اللہ سے ڈرتے رہو اور اس دن سے ڈرو جس دن والد بیٹے کے اور بیٹا والد کے کام نہیں آئے گا، بے شک اللہ کا وعدہ سچا ہے، تمہیں دنیا کی چمک اور شیطان دھوکے میں نہ ڈال دے۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ جو متقی ہے، اس کو دنیا اور آخرت میں بہترین انجام ملے گا، اللہ فرماتا ہے کہ وہ متقی لوگو کو فلاح کے ساتھ نجات دیتا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ اللہ سے ڈرو جس طرح ڈرنے کا حق ہے، اس دن ڈرو جس کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا، بے شک اللہ کا وعدہ سچا ہے اور قیامت قائم ہوگی، اس دن کوئی دنیا کا دھوکہ اور مال و متاع کسی کے کام نہیں آئے گا۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ اے ایمان والو اللہ سے ڈرو، جو اللہ سے سچے دل سے ڈرے گا ، ہر معاملے میں اللہ کا خوف تمہارے دل میں رہنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ اس کے راستے نکالے گا۔
شیئرکریں: