گورنمنٹ افضل خان لالا پوسٹ گریجویٹ کالج مٹہ میں آج بروزِ جمعرات 09 مئی 2024ء کو کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ اس پُروقار تقریب میں کالج کے اساتذہ، طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد الیاس تھے، جب کہ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی اور ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے چیئرمین پروفیسر رشید احمد نے میزبان کے فرائض انجام دیے۔
تقریب میں ایف اے (F.A) اور ایف ایس سی (F.Sc) کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر کالج کے طلبہ نے خاکوں، ٹیبلوز اور دیگر تخلیقی مظاہروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، جسے حاضرینِ محفل نے خوب سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی پروفیسر محمد الیاس نے کہا کہ کالج محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تخلیقی اور اخلاقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی واضح مثال ملک کے مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ اداروں میں اس کالج کے فارغ التحصیل طلبہ کا مؤثر اور نمایاں کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے ہم موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور ایک بہتر، باوقار اور خوددار معاشرے کی تشکیل ممکن بنا سکتے ہیں۔

شیئرکریں: