سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں امن و امان کے قیام کے حق اور دہشت گردی کے خلاف “سوات قومی جرگہ” نامی غیر سیاسی تنظیم کے زیرِ اہتمام ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
مینگورہ کے نشاط چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سفید جھنڈے اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔ جب کہ شرکا نے دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھاکہ سوات میں بے امنی برداشت نہیں کی جائے گی، کیوں کہ آئینِ پاکستان کے تحت شہریوں کو تحفظ دینا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سر پرستوں کے خلاف کارروائی کرے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر ایوب خان اشاڑی “امن مظاہرے” سے خطاب کر رہے ہیں۔
فوٹو: ابدالؔی

مظاہرے سے پختون تحفظ مومنٹ (PTM) کے راہ نماؤں کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر ایوب خان اشاڑی، پختون خوا نیشنل عوامی پارٹی کے مختیار خان یوسف زئی، پاکستان پیپلز پارٹی کے حیات چٹان، قومی وطن پارٹی کے شیر بہادر زادہ خان، سوات بار کے صدر، پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی و سماجی راہ نماؤں نے خطاب کیا۔
شیئرکریں: