پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہ نما خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کے کیس میں عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاﺅسنگ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا۔
سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان زمان پارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے کی۔
خواجہ آصف کے وکیل حیدر رسول اور عمران خان کے وکیل نعمان فاروقی عدالت کے رو بہ رو پیش ہوئے۔ خواجہ آصف کے وکیل نے عمران خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی۔ زمان پارک میں خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی اور عمران خان کے وکلا بھی زمان پارک میں ان کے ہم راہ موجود تھے۔
عمران خان سے شوکت خانم کی ہاﺅسنگ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کئے گئے۔ عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاﺅسنگ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ کی جانب سے مجھے اس حوالے سے بتایا گیا تھا لیکن یاد نہیں کہ ہاﺅسنگ پروجیکٹ کا نام کیا تھا…؟ جس پر خواجہ آصف کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا تھا…؟ جس پر عمران خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یاد نہیں کہ تحریری طور پر آگاہ کیا تھا یا نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آپ ادھر ادھر کے سوال کرنے کے بجائے سچ پر آئیں، تو معاملہ جلدی ختم ہو سکتا ہے۔ جس پر انہوں نے کہا کہ معاملہ یہاں سے ختم نہیں، بلکہ شروع ہوتا ہے جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا جب واپس آئے تو 120 تھا۔ وکیل خواجہ آصف نے کہا کہ آئندہ سماعت پر صرف 2 گھنٹے میں جرم مکمل کر لوں گا۔ عدالت نے کیس کی مزید کارروائی اگلے سماعت تک ملتوی کردی۔
شیئرکریں: