دسہرہ ہندوؤں کا ایک تہوار ہے جو عام طور پر بھارت، نیپال اور سری لنکا میں منایا جاتا ہے۔ یہ بعض علاقوں میں "وجیا دشمی” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ دسہرہ کے لغوی معنی دس روز کے ہیں یعنی اس کا مطلب ہے دس گناہوں کو لے جانے والا یا دور کردینے والا۔ اس تہوار کا انعقاد جیٹھ یعنی (مارچ) مہینے کے دسویں تاریخ کو (جو گنگا کے پیدا ہونے کا دن ہے) پر ہوتا ہے۔ ہندوؤں کے عقیدے کے مطابق گنگا اشنان کرنے سے گناہ دُھلتے ہیں۔
اسوج (کنوار) کے مہینے کی دسویں تاریخ کا بڑا بھاری تہوار جس میں نو دن پہلے سے ہنو پوجا پاٹ کرتے ہیں اور دسویں دن دیوی کی مورتی دریا میں ڈالتے ہیں۔ جو اس دن گنگا میں نہائے اس کے دس قسم کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ اس دن درگا جی کی جنم اشٹمی یا یومِ فتح منایا جاتا ہے۔ نیز اس دن راجا رام چندر کا بن باس سے گھر آنا اور راون پر فتح پانا بھی بیان کیا جاتا ہے۔ قدیم زمانے میں یہ موسمی تہوار تھا کیوں کہ اس روز دن اور رات برابر ہو جاتے ہیں اور موسم اعتدال پر آجاتا ہے۔ پھر اس تہوار پر مذہبی رنگ چڑھ گیا۔ کیوں کہ اِسی دن رام چندر جی نے راون کے خِلاف چڑھائی کرکے فتح پائی تھی اس لیے بڑی خُوشیاں مناتے اور لیلا رچاتے ہیں۔