دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ اِنجن اور دیگر سہولیات کی حامل کمپنی "گوگل” نے پاکستان میں باضابطہ طور پر رجسٹریشن کرالی ہے، جس کے بعد کمپنی کےلیے پاکستان میں اپنے آپریشنز شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ گوگل کے بعد دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی پاکستان میں دفاتر کھولیں گی۔ ان کے مطابق گوگل کے بعد بہت جلد ٹِک ٹاک بھی پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے جا رہا ہے جب کہ فیس بُک کے ساتھ بھی اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
اُن کے بقول آئندہ چند روز میں گوگل پاکستان میں اپنا دفتر قائم کر لے گا۔ تاہم اُنہوں نے یہ نہیں بتایا کہ گوگل کا دفتر پاکستان کے کس شہر میں ہوگا۔
سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جائنٹ ڈائریکٹر سائلہ جمشید کے دستخطوں سے جاری ہونے والے سرٹیفکیٹ کے مطابق گوگل ایشیا پیسفک کے پاکستان میں لائزن آفس کو رجسٹر کر لیا گیا ہے، جو سنگا پور سے آپریٹ ہو رہی ہے۔